ہوناور:7؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)پریش میستا موت معاملےکےمتعلق سی بی آئی کی جانب سے عدالت میں بی رپورٹ داخل کرنے کے بعد ایک طرف بی جے پی پر سکتہ طاری ہوگیا ہے تو دوسری طرف کانگریس لیڈران کے حوصلے بلند ہوتے نظر آرہے ہیں۔ اس ضمن میں 7اکتوبر بروز جمعہ کو ہوناور میں عوامی احتجاج اور بیداری اجلاس منعقدکیاگیا جس میں کانگریس لیڈران نے بی جے پی کےخلاف سخت تنقید کی۔
ہوناور سرکل پر جمع کانگریس لیڈران و کارکنان نے تعلقہ کے ودھان سودھا تک احتجاجی ریلی نکالی اور تعلقہ سودھا کے سامنے ہی احتجاجی جلسہ کیا۔ اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی منکال وئیدیا، ستیش سئیل، شارداشٹی ، کانگریس لیڈران آئیون ڈیسوزا، ضلعی صدر بھیمنانائک، جگدیپ تنگیری وغیرہ نےبی جے پی اور اس کےلیڈران کو آڑے ہاتھوں لیتےہوئے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ لیڈران نے کہاکہ بی جےپی والے مردوں پر سیاست کرنے کے ماہر ہیں، بی جےپی نے اقتدار کے لئےپریش میستا کی موت کا غلط استعمال کیا۔ جو ان کی بات سنتے ہیں صرف انہی افسران کو بی جےپی والے اپنے ساتھ رکھتے ہیں ۔ لیڈران نے کہا کہ سدرامیا کی حکومت پریش میستا کی موت کے معاملہ کی جانچ سی اؤڈی کو سونپنا چاہتی تھی مگر بی جےپی نے اس کی مخالفت کی آخر کار معاملہ سی بی آئی کو سونپا گیا ۔ اب سی بی آئی نے بی جے پی کا رنگ ظاہر کردیا ہےتو بی جے پی کے ہوش اڑگئے ہیں اور کوئی زبان کھولنےکے لئےتیار نہیں ہے۔ اگر انہیں اپنی عزت کاپاس ولحاظ ہے تو انہیں فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔
لیڈران نے بتایا کہ بی جےپی کی طرف سے جو کچھ بھی ناانصافیاں ہوئی ہیں اس تعلق وہ گھر گھر پہنچ کر عوام کو آگاہ کریں گے اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔احتجاجیوں نے بعد میں ہوناور تحصیلدار کو میمورنڈم سونپتے ہوئے بی جےپی لیڈران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔